People having a discussion at the office

نسل پرستی کے خلاف قانون سازی ـ کمیونٹی کی زیر قیادت مشاورت کی رپورٹ

ایگزیکٹو سمری

خلاصہ

2022 میں، برٹش کولمبیا (بی سی) کی حکومت نے انسداد نسل پرستی ڈیٹا ایکٹ (ARDA) متعارف کروا کر نظامی نسل پرستی کے خلاف ایک اہم قدم اٹھایا۔ اس قانون نے صوبائی حکومت کو نسل پر مبنی متنوع اعدادوشمار اکٹھا کرنے کے قابل بنایا تاکہ مختلف النسل لوگوں کیلئے سرکاری پروگراموں اور خدمات تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے۔ اس کی بنیاد پر، صوبہ اب نسل پرستی کے خلاف وسیع تر قانون سازی کو آگے بڑھا رہا ہے تاکہ ARDA اور دیگر ذرائع سے حاصل کردہ نتائج پر عمل کیا جا سکے اور نظامی نسل پرستی کاخاتمہ کیا جا سکے۔

اس قانون سازی کے مؤثر اور جامع پن کو یقینی بنانےکیلئے صوبے نے 2023 میں وسیع مشاورت اور میٹنگز کے عمل کا انعقاد کیا۔ اس میں ایک عوامی آن لائن سوالنامہ، ٹارگٹڈ مشاورت اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون اور برٹش کولمبیا میں کمیونٹی تنظیموں کی قیادت میں مختلف النسل برادریوں کے ساتھ بات چیت شامل تھی۔ یہ مشترکہ تخلیقی موقف قانون سازی تیار کرنے کی با مقصد کوشش کی عکاسی کرتا ہے جو نظامی نسل پرستی سے نمٹنے کیلئے مختلف نقطہ نظر اور تجربات کے تنوع کو تسلیم اور فعال طور پر مربوط کرتا ہے۔

برٹش کولمبیا کی کمیونٹی تنظیموں کو اس میں شامل کرنا نظامی نسل پرستی سے نمٹنے اور کثیر ثقافتی اور انسداد نسل پرستی کو فروغ دینے میں ان کے اہم کردار کا اعتراف تھا۔ یہ تنظیمیں نچلی سطح پر روابط رکھتی ہیں اور مقامی پس منظر کی گہری سمجھ رکھتی ہیں جو انہیں ثقافتی طور پر حساس معاملوں مین ثالثی اور پالیسی میں تبدیلی کی وکالت کرنے میں ناگزیر بناتی ہیں۔ وہ لوگوں کو ان کی ثقافت کی متحرک اور طاقت سے جوڑنے کیلئے کلیدی پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں، گروپ پر مبنی شفا یابی کے طریقوں کی حمایت کرتے ہیں اور بیداری اور شمولیت کے اقدامات کو آسان بناتے ہیں۔ مزید برآں، وہ حکومتی احتساب کو یقینی بنانے، کمیونٹی میں مشاورت کو فروغ دینے اور حکومتی پالیسیوں اور اقدامات میں کثیر الثقافتی اور انسداد نسل پرستی کے متوازن نفاذ کی وکالت کرنے کیلئے بھی اہم ہیں۔ ان کی کوششوں نے نہ صرف نسل پرستی کے خلاف موثر قانون سازی کی تشکیل کے فوری مقصد میں حصہ ڈالا بلکہ برٹش کولمبیا میں ایک زیادہ جامع اور مساوی معاشرے کی تعمیر کے وسیع مقصد میں بھی حصہ لیا۔ 


عالمگیر موضوعات 

کمیونٹی کی زیر قیادت مصروفیات نے تین آفاقی موضوعات کی تشہیر کی۔ ان موضوعات نے K-12 تعلیم، حفظان صحت، قانون کے نفاذ اور روزگار سمیت مختلف شعبوں میں مربوط توجہ کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی۔

نظامی نسل پرستی کے خلاف جنگ کا مرکزK-12  سسٹم سے شروع ہونے والے جامع تعلیمی فریم ورک کی ضرورت پر تھی۔ شرکاء نے نوجوانوں کو کینیڈا کی نسل پرستی کی تاریخ کے بارے میں تعلیم دینے اور باہمی حساسیت اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کیلئے عوامی بیداری مہم کی ضرورت کی اہمیت پر زور دیا۔ ان اقدامات کو کمیونٹیز کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے اور کثیر الثقافتی اور نسل پرستی مخالف طرز عمل کی افادیت کو بڑھانے میں بنیادی طور پر دیکھا گیا۔ مزید برآں، عوامی خدمات میں پیشہ ور افراد، بشمول اساتذہ، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنان اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کیلئے انسداد نسل پرستی کی تربیت اور مختلف ثقافتوں کے بارے میں آگاہی کی لازمی ورکشاپس کا مطالبہ کیا گیا۔

بات چیت میں تعلیم اور کام کی جگہ سمیت مختلف شعبوں میں نسلی تعصبات اور امتیازی سلوک کو دور کرنے کے لیے احتسابی طریقہ کار کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ احتساب کے واضح طریقہ کار کے قیام کو نسل پرستی سے ہونے والے نقصانات کا اقرار کرنے اور مستقبل میں ہونے والے واقعات کی روک تھام کیلئے ضروری سمجھا گیا۔ اس میں شفاف رپورٹنگ، آزادانہ تشخیص اور انسداد نسل پرستی کی پالیسیوں کی خلاف ورزیوں کے نتائج کی ضرورت بھی شامل ہے۔

مشاورت کے عمل سے یہ بات سامنے آئی کہ اگرچہ کثیر الثقافتیت اور نسل پرستی دونوں الگ الگ تصورات ہیں، لیکن یہ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور باہمی طور پر ایک دوسرے کو تقویت پہنچا سکتے ہیں۔ کثیر الثقافتیت کو تنوع اور ثقافتی تبادلے پر توجہ دینے کیلئے تسلیم کیا گیا لیکن اسے انسداد نسل پرستی کے نکتہ نظر کی غیر موجودگی میں علامتی طور پر دیکھا جانے کا خطرہ بھی ہے۔ اس کے برعکس، نسل پرستی کے خلاف رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اس کے فعال اور نظامی نقطہ نظر کی خصوصیت کی وجہ سے اسے اکثر اشتعال انگیز اور متصادم بھی سمجھا جاسکتا ہے۔ شرکاء نے ان طریقوں کے انضمام کو ایک جامع اور مساوی معاشرے کی تعمیر میں اہم قرار دیا اور اسے ایک مسلسل جاری کوشش اور اجتماعی ذمہ داری کے طور پر تسلیم کیا۔

ان موضوعات نے نظامی نسل پرستی سے نمٹنے کی پیچیدگی اور کثیر جہتی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔ تعلیمی اصلاحات، کو،خاص طور پر K-12 نظام کے اندر، طویل مدتی تبدیلی کیلئے ایک سنگ بنیاد کے طور پر دیکھا گیا۔ صحت کی دیکھ بھال، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور روزگار کے شعبوں کو بھی ایسے شعبوں کے طور پر شناخت کیا گیا ہے جن میں مساوی خدمات کو یقینی بنانے اور نسل پرستی کی نظامی نوعیت سے نمٹنے کیلئے اہم اصلاحات کی ضرورت ہے۔ یوں مشاورت کے اس عمل نے ایک جامع حکمت عملی کی سنگ بنیاد رکھنے کا کام کیا جو نظامی نسل پرستی کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کیلئے تعلیمی اصلاحات، احتساب کے طریقہ کار اور کثیر الثقافتیت اور انسداد نسل پرستی کے اقدامات کے انضمام کو باہم مربوط کرتی ہے۔

منفرد موضوعات

مشغولیت کے عمل کے دوران، یہ واضح ہو گیا کہ نسل پرستی کی کثیر جہتی نوعیت کو سمجھنے کے لیے متنوع کمیونٹیز کے مخصوص خدشات کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ ذیل میں نمایاں کئے گئے منفرد موضوعات اس حقیقت کی مثال دیتے ہیں کہ مختلف پسماندہ کمیونٹیز ایک ہی طرح سے نسل پرستی کا شکار نہیں ہوتیں اور یہ سب ایک موزوں اور با مقصد ردعمل کی ضرورت پر زور دیتی ہیں۔

افریقی تارکین وطن اور سیاہ فام کینیڈینوں کی کمیونٹیز نے سیاہ فام نسل پرستی کی خصوصی اور الگ نوعیت کی نسل پرستی جسکا نسلی امتیاز کی دوسری شکلوں کے ساتھ بھی تعلق ہے، کے خلاف اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ کلیدی شعبے جن میں ثقافتی طور پر لگے زخموں پر مرہم رکھنے کی خدمات، تلافی اور سیاہ فام لوگوں کی تاریخ اور ثقافت کو عوامی زندگی میں شامل کرنا شامل ہے۔ کمیونٹی نے حکومتی جوابدہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فیصلہ سازی میں، خاص طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاملات میں براہ راست حکومتی شمولیت اور نمائندگی کا مطالبہ کیا۔

ایشیائی تارکین وطن نے زبان کی رکاوٹوں اور ایشیائی باشندوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافے کو اہم خدشات کے طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے متعدد زبانوں میں خدمات میں معاونت کی ضرورت کا اظہار کیا اور امتیازی سلوک کا مقابلہ کرنے اور دقیانوسی تصورات کو دور کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت کا اظہار کیا۔ نسلی تارکین وطن کے تجربات کے مطابق ان کی نفسیاتی مدد اور نئے تارکین وطن میں خوف اور الزام تراشی سے بچنے کیلئے اپنے خاموش رہنے کو بھی اہم مسائل کے طور پر شناخت کیا گیا ـ۔

جنوبی اور مغربی ایشیائی کمیونٹیز کیلئے، زبان کی رکاوٹیں، غیر ملکی اسناد کی قبولیت اور بین النسلی تعاون اہم موضوعات کے طور پر سامنے آئے۔ نسلی برادریوں کے اندر موجود اقلیتی دقیانوسی تصورات اور اندرونی تعصبات کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں بین الاجتماعی افہام و تفہیم اور باہمی احترام کو فروغ دینے کیلئے وسیع تر تعلیم کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

مقامی کمیونٹیز نے اپنی اقوام کو اپنے نظام کی قیادت کرنے کیلئے بآختیار بنانے اور صحت کی دیکھ بھال اور فوجداری عدالتی نظام جیسے شعبوں میں نسل پرستی کے ٹھوس نتائج کے ساتھ جوابدہی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی۔ ثقافتی طور پر حساس حفظان صحت اور روحانیت اور شفا یابی کے روایتی طریقوں کی اہمیت کے ساتھ ساتھ فوجداری انصاف کے نظام میں اصلاحات بھی کلیدی عناصر کے طور پر سامنے آئیں۔

برٹش کولمبیا میں اسکول کی عمر کے نوجوانوں نے K-12 نصاب کی پرزور وکالت کی جو براہ راست نسل پرستی اور امتیازی سلوک کو دور کرتا ہے۔ انہوں نے اساتذہ کے لیے ثقافتی حساسیت اور نسل پرستی کے خلاف خصوصی تربیت کا بھی مطالبہ کیا۔ ثقافتی تبادلے کے پروگراموں اور تارکین وطن کے بچوں کے لیے مساوی پالیسیوں کی ضرورت کے ساتھ ساتھ اسکول کے نظام میں جامع اور متنوع نمائندگی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

یونیورسٹی کی عمر کے طلباء، خاص طور پر بین الاقوامی طلباء، نے تعلیمی ماحول، بشمول لسانی امتیاز اور نسل پرستی کے واقعات کی اطلاع دینے پر انتقامی کارروائی کے خوف کی وجہ سے نسلی تعصبات کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے وسیع تر نظامی مدد کی ضرورت، بشمول مساوی ٹیوشن پالیسیاں اور نسل پرستی سے نمٹنے کے بہتر طریقہ کار پر زور دیا۔

دیہی علاقوں میں، نقل و حمل، بنیادی ڈھانچے کے چیلنجز، مقامی کاروباری اداروں کا کردار اور زیادہ واضح نسل پرستی کی موجودگی کلیدی مسائل کے طور پر سامنے آئے۔ عوامی نقل و حمل میں بہتری، ضروری خدمات تک رسائی اور نوآبادیات کی تاریخ پر تعلیم کو مساوات اور شمولیت کیلئے ضروری اقدامات کے طور پر شناخت کیا گیا۔

مذہبی کمیونٹیز کو نسل، قومیت اور مذہب کے ملاپ کی وجہ سے کثیرالجہتی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے جامع مذہبی پالیسیوں، میڈیا کی مثبت نمائندگی اور سماجی اصولوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ ظاہری مذہبی لباس کے خلاف امتیازی سلوک اور مختلف مذہبی طریقوں کی مثبت نمائندگی کا فقدان بھی اہم خدشات کے طور پر ابھرا۔

یہ متنوع تجربات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ نسل پرستی سے نمٹنے کیلئے ایک ہی طریقہ موزوں نہیں ہے۔ نسل پرستی کے شکار ہونے والے مختلف کمیونیٹیزکا منفرد تجربہ، مخصوص، معلومات پر مبنی ایسی کارروائیوں کا مطالبہ کرتا ہے جو نسل پرستی کی مختلف شکلوں کو پہچانتے اور ان سے نمٹنے کیلئے ہوتے ہیں۔ نسل پرستی کے خلاف موثر حکمت عملیوں اور پالیسیوں کو تیار کرنے کیلئے یہ سمجھنا انتہائی ضروری ہے کہ وہ برٹش کولمبیا میں مقامی اور دیگر مختلف النسل برادریوں کی ضروریات کیلئے صحیح معنوں میں جامع اور جوابدہ ہوں۔


نتیجہ

برٹش کولمبیا میں کمیونٹی کی قیادت میں مشاورت کے عمل نے نسل پرستی کے خلاف مؤثر قانون سازی کی تشکیل میں کمیونٹی تنظیموں کے ناگزیر کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ معاشرے میں ان کے گہرے روابط اور مختلف کمیونٹیز کے اندر نسل پرستی کے منفرد اور آفاقی تجربات کی جامع سمجھ بوجھ نے اہم بصیرت فراہم کی۔ ان متنوع نقطہ نظر کو یکجا کرکے، اس عمل نے نظامی نسل پرستی کی کثیر جہتی نوعیت کو تسلیم کیا۔ اس نے یہ بھی یقینی بنایا کہ مختلف گروہوں کو درپیش مشترکہ اور مخصوص چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قانون سازی کی جاسکتی ہے۔ اس باہمی تعاون اور شمولیتی نقطہ نظر کے نتیجہ میں کی گئی ان کی ضروریات سے ہم آہنگ قانون سازی کیلئے ایک مثال قائم کرتا ہے جو ایک منصفانہ اورجامع صوبہ بنانے کیلئے متنوع برادریوں کی ضروریات کا نمائندہ ہو۔